اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ مشن چاند پر 3 مئی بروز جمعہ یعنی پرسوں روانہ ہوگا۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے مطابق پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا جائے گا۔ سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ کی لانچ کو ویب سائٹ سے لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے پروفیسر اور آئی کیوب قمر کی کور ٹیم کے ممبر ڈاکٹر خرم خورشید کے مطابق پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر 3مئی کو 12 بج کر 50 منٹ پربھیجا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ چین اور سپارکو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
چاند کی تصاویر بنانے کے لیے آئی کیوب قمر میں 2کیمرے نصب ہیں۔ اور یہ مشن سے لی جانے والی تصاویر تحقیقی مقاصد میں کام آئیں گی
پاکستان کا سیٹلائٹ مشن چاند کے مدارکے چکر کاٹے گا جبکہ چین کا سیٹلائٹ مشن چاند پر لینڈ کرے گا۔ یہ مشن چاند کی مٹی جمع کرے گا۔