سکھ برادری ہمارے سر آنکھوں پر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا کرتارپور کا دورہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے 2013 میں پہلے سکھ کو ایم پی اے بناکر کرتار پورراہداری کی بنیاد رکھی۔ سکھ برادری ہمارے سر آنکھوں پر ہے۔

سکھ برادری کے تہوار بیساکھی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ درانتی سے گندم کی سنہری فصل کی کٹائی سے بیساکھی کا باقاعدہ آغازکرکے یہاں آئی ہوں۔
انہوں نے کہاکہ اس کھیت میں فصل کی کٹائی کا اعزاز حاصل ہوا جہاں گرونانک سنگھ گندم کاشت کرتے تھے۔ گرونانک سنگھ خود کٹائی کرتے تھے، آٹا گوندھ کر روٹیاں پکاتے اورمہمانوں کو پیش کرتے۔

مریم نواز نے کہاکہ یہ گندم اب گوروگھر کے لنگرمیں مہمانوں کی سیوا کے لیے استعمال میں لائی جائے گی۔ ہم سرکاری طور پر پہلی مرتبہ بیساکھی کا تہوار منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے لوگوں کو خوشیاں منانی آتی ہیں اور یہ خوش ہونا جانتے ہیں۔ ہم پنجاب میں اور پنجاب ہمارے دن میں بستا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایسٹر، ہولی، رمضان المبارک، عید اوراب خالصہ جنم دن اور بیساکھی کے تہوار چند ہفتوں کے فرق سے منائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دل کرتا ہے انڈین پنجاب کی طرح پاکستان کے پنجابی بھی فخر کے ساتھ پنجابی زبان دل کھول کر بولیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ حلف لینے کے بعد منصوبہ بنایا کہ کچھ ایسا کروں کہ سکھ برادری کے لیے آسانی ہو۔ سکھ مقدس مقامات اور علاقوں کی ڈویلپمنٹ کے ساتھ یہاں اچھے ہوٹل تعمیر کریں گے۔ جبکہ ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ سکھ زائرین کی سہولت، خدمت اور حفاظت ہمارا فرض ہے جسے ہر قیمت پر نبھائیں گے۔

کرتار پور راہداری زیرولائن کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گورو گھر حاضری دی اور سنگت کے درشن کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکھ زائرین کو پنجاب میں سیاحت کی دعوت دی۔

Comments (0)
Add Comment