اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حملہ آور آج ملکی مفاد پر حملہ آور ہیں، ملکی مفاد کے خلاف بات کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے،
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اپنے سیاسی مفاد اور اناءکو ملکی مفاد پر ترجیح دینا قابل مذمت اور افسوسناک ہے، تحریک انصاف نے پہلے ملکی مفاد کے خلاف بیان دیا پھر اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، یہ پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے، ان کا لیڈر پہلے ہی کرپشن کے مقدمات بھگت رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، ایسے عناصر کے لئے ہدایت کی دعا کرتے ہیں، کاش یہ ملک کے مفاد میں بھی بات کر سکیں،
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت میں ملک دشمنی نامناسب ہے، آپ ہم پر تنقید کریں لیکن پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت ہے۔ ہمارے دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری و تعاون کی حمایت اور دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں، پاکستان انشاءاللہ ترقی کرے گا، ہم اپنے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے سیمی کنڈیکٹر سمٹ 2024ءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کا قیام ملک کے مفاد میں ہے، خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے تحت ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے، حکومت کا سب سے اہم مقصد سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے، حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے،
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، ہمارا سب سے بڑا سرمایہ انسانی وسائل ہیں، ہماری 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کو اسٹریٹجک حیثیت حاصل ہے، پاکستان میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں ہیں، ملک میں آئی ٹی اور انجینئرنگ ریسورسز کے شعبہ میں یونیورسٹی گریجویٹس کی تعداد سالانہ 50 ہزار سے زائد ہے، بدقسمتی سے ہم سیمی کنڈکٹر انڈسٹری سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹر کا کاروبار 550 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، 2030ءتک عالمی سیمی کنڈیکٹرز کاروبار ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچنے کی پیشنگوئی ہے، پاکستان کے لئے اس اہم شعبہ سے مستفید ہونے کا شاندار موقع ہے، ہمیں ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے،