اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کرنے کا حکم دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے پنجاب کے ماڈل تھانوں کی طرز پر ملک بھر میں ماڈل نادرا دفاتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب میں ماڈل تھانوں کے قیام سے عوام کو سہولت کے ساتھ پولیس امیج میں بھی بہتری آئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفات سرٹیفیکٹ کی فیس ختم کی جا رہی ہے ، پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے لیے یونین کونسل دفاتر کے ساتھ مل کر آسان نظام متعارف کرایا جائے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہریوں کے ڈیٹا کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایاجائے اور عوام کی سہولت کیلئےموبائل پلیٹ فارمز پرمزید سہولیات فراہم کی جائیں، ادارے کے اقدامات کی ترویج کیلئے سوشل میڈیا کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کرنے کا بھی حکم دیا۔