وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء شریک ہوئے۔ تمام وزراء نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز ،سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔
وفد کو پی آئی اے ،ایئرپورٹس کی نجکاری، اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلز میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی۔ تجویز کے مطابق ہوٹلز کے لئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اورسرمایہ کاری سعودی عرب کرے گایا پھر وہ ہوٹل بنالے۔ وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔
سعودی وفد کو ہیلتھ سٹی بنانے کی بھی پیش کش کی گئی اس کے لئے سی ڈی اے پارٹنر بننے یا زمین دے کر پیسے لینے کے لئے بھی تیارہے۔
سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے ایس آئی ایف سی مرکزی سیکریٹر یٹ تمام کام کررہا ہے۔ سعودی وفد صدر زرداری اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم سعودی وفد کے ساتھ مختلف پراجیکٹس کوحتمی شکل دینے کے لئے تمام امور کی نگرانی کررہے ہیں۔