پی ٹی آئی گلگت بلتستان خواتین ونگ کی صدرآمنہ انصاری مسلم لیگ ق میں شامل

آمنہ انصاری اپنے گھر آئی ہیں ان کو خوش آمدید کہتے ہیں،چودھری سالک حسین

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئرنائب صدر اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین سے سابق رکن صوبائی اسمبلی وپی ٹی آئی خواتین ونگ گلگت بلتستان کی صدر آمنہ انصاری نے ملاقات کی اور باقاعدہ پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر چودھری سالک حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے صوبائی صدر دلفراز خان سے ہر ممکن تعاون کریں گے ،انہوں نے کہا کہ آمنہ انصاری اپنے گھر آئی ہیں ان کو خوش آمدید کہتے ہیں،آمنہ انصاری کی شمولیت سے گلگت بلتستان میں پارٹی کو مزید تقویت ملے گی ۔ چودھری سالک حسین نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ جو باہر ممالک میں ہیں ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ اس موقع پر دلفراز خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی موجودہ حکومت وفاق میں شامل حکومتی اتحاد میں شامل ہے اس لئے ہمیں موجودہ حکومت میں حصہ ملنا چاہیے تاکہ وفاق سے روابط مضبوط ہوسکیں ۔ آمنہ انصاری نے کہا کہ میری سیاسی تربیت چودھری شجاعت حسین نے کی ہے اور میں اپنی پارتی میں واپس آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہونے والے جنرل الیکشن میں صوبائی صدر کی قیادت میں ایک مضبوط ٹیم اتاریں گے ۔دلفراز خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگ ہم سے رابطے میں ہیں بہت جلد مزید لوگ شمولیت اختیار کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment