پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بؤلر نسیم شاہ، حسنین شاہ اور عبید شاہ کے والد ظفر شاہ نے کہا ہے کہ میرے بچوں نے میرا اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، کبھی سوچا نہیں تھا کہ تینوں بیٹے قومی سطح پر کرکٹ کھیلیں گے۔ تینوں بیٹے کرکٹ کھیلنے کے لیے مجھ سے چُھپ کر جاتے تھے لیکن اب خواہش ہے کہ حنین اور عبید بھی پاکستان کے لیے کھیلیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے والد ظفر شاہ نے اپنی بڑی خواہش کا اظہار پی اسی ایل 9 کے فائنل میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔
گزشتہ شب کھیلے گئے پی ایس ایل 9 کے فائنل معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں کراچی اسٹیڈیم میں مدمقابل تھیں جہاں یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت پر فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے والد ظفر شاہ خوشی سے نہال تھے، اس موقع پر انہوں نے اپنی بڑی خواہش کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ کرکٹ کھیلنے پر تینوں بچوں نے کئی بار مار کھائی، سب سے زیادہ نسیم شاہ نے مار کھائی ہے ، نسیم شاہ نے حنین شاہ اور عبید شاہ کو کرکٹ نہیں سیکھائی، عبید اور حنین نے خود کرکٹ سیکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں اور میری دعائیں قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں، میرے ذہن میں نہیں تھا کہ بیٹے اتنی ترقی کریں گے کیونکہ ہمارا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے۔ اب جبکہ نوجوان نسل نشے کی عادی ہو رہی ہے میں خوش ہوں کہ میرے بیٹوں نے کھیل کے میدان کا رخ کیا۔