بھارتی پنجاب کے آنجہانی معروف گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
گلوکار شبھ دیپ سنگھ جنہیں دنیا بھر میں سدھو موسے والا کے نام سے جانا جاتا تھا، کے والد بلکور سنگھ نے اتوار کی صبح انسٹاگرام پر ننھے مہمان کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور اطلاع دی کہ ان کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آنجہانی گلوکار کے والد نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ سدھو موسے والا کے لاکھوں مداحوں کی دعاؤں سے خدا نے ہمیں اس کا چھوٹا بھائی عطا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں، ساتھ ہی بلکور سنگھ نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا بھی کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کی والدہ 58 اور والد 60 سال کے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فروری کے آخر میں بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
کچھ دنوں قبل بلکور سنگھ نے ایک ٹوئٹ بھی کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سدھو کے مداحوں کے شکر گزار ہیں جو ہمارے خاندان کے لیے فکر مند ہیں‘۔
بلکور سنگھ نے اپنی پوسٹ میں اپیل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘ ہمارےخاندان سے متعلق بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں، ان پر یقین نہ کیا جائے جو بھی خبر ہوگی خاندان آپ سب کے ساتھ شیئر کرے گا‘۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں جس کے نتیجے میں سدھو موسے والا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔
سدھو موسے والا نے اپنے گانے خود لکھے اور تیار کیے اور انہیں پنجابی کے امیر ترین گلوکاروں میں شمار کیا جاتا تھا۔
مئی 2022 میں ان کے قتل کے بعد بھی ان کے گانے ریلیز ہوئے اور سپر ہٹ ہوئے۔