اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تقرری کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری کو نام تجویز کر دیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 19 اراکین کی بطور وفاقی وزرا تقرری کی تجویز دی ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے صدر مملکت کو بھیجی گئی تجویز میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا تنویر، اعظم نذیرتارڑ، چوہدری سالک حسین اور عبد العلیم خان کو بطور وفاقی وزرا تقرر کیا جائے۔
وزیراعظم کی سمری میں جام کمال، امیر مقام، اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر شیخ اور ریاض پیرزادہ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
اس کے علاوہ شہباز شریف نے احد چیمہ، محمد اورنگزیب، اسحاق ڈار، مصدق ملک اور محسن نقوی کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنانے کی درخواست کی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے شزا فاطمہ کو وزیر مملکت بنانے کی سمری بھی صدر پاکستان کو ارسال کی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کو دفاع اور احسن اقبال پلاننگ اینڈ ڈیولمپنٹ کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے جبکہ خالد مقبول صدیقی کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اعظم نذیر تارڑ کو قانون، انجینئر امیر مقام کو کمیونیکیشن یا آبی سائل میں سے کوئی ایک وزارت ملنے کا امکان ہے۔
عطا تارڑ کو وزیر اطلاعات، ریاض حسین پیرزادہ کو وزارت بین الصوبائی رابطہ اور سالک حسین چوہدری کو ہاؤسنگ کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے جبکہ عبد العلیم خان کو بھی کوئی ایک وزارت دی جائے گی۔
سینیٹر اسحاق ڈار وزارت خارجہ اور سینیٹر مصدق ملک کو انرجی اور پیٹرولیم کا وزیر بنایا جا سکتا ہے جبکہ تین مشیروں کو بھی وفاقی وزیر بنایا جائے گا۔
محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ، احد چیمہ کو مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو وزیر داخلہ بنایا جا رہا ہے۔
پہلے مرحلے میں تجویز کردہ نام صدر کی منظوری کے بعد آج ہی اپنے قلمدان سنبھال لیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے اراکین کو مزید وزارتیں دی جائیں گی، ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری کو پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔