چین میں نابینا افراد کے لیے صوتی تفصیلات کے ذریعے فلم بینی
کیا نابینا افراد بھی فلموں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں؟بیجنگ کے گوانگ منگ سینما گھر میں فلم کو ” دیکھنے” کے لیے سننے کی صلاحیت استعمال کی جا رہی ہے۔ گزشتہ چھ برسوں کے دوران نابینا افراد کو صوتی تفصیلات کے ذریعے 600 سے زائد فلمز سے لطف اندوز ہونے کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ وہ بھی اپنی زندگی کے اس پہلو سے لطف اندوز ہو سکیں ۔
چین کی کمیونیکیشن یونیورسٹی (سی یو سی) کے اساتذہ اور طالب علموں کے ایک گروپ نے مدھم روشنی سے آراستہ پرسکون اسٹوڈیو میں گوانگ منگ سنیما پروجیکٹ کے لیے سیکڑوں گھنٹوں پر مشتمل کہانیاں ریکارڈ کی ہیں، جو نابینا افراد کے لیے آڈیو فلمز ہیں۔ 2017 میں گوانگ منگ سنیما پروجیکٹ کے قیام کے بعد سے ، چین بھر کے سینما گھروں کے لیے صوتی تفصیلات کے ساتھ 600 سے زیادہ فلمیں بنائی گئی ہیں جو نابینا افرادکے لیے ایک بہترین سروس ہے۔