اسلام آباد ہائیکورٹ نے اختیارات سے تجاوز پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ایس ایس پی آپریشنز کو مِس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے بالترتیب 6 ماہ اور 4 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سزاؤں کا اعلان محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کیا، توہین عدالت کی کارروائی میں عدالت نے 21 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ 16 اگست 2023 کو توہین عدالت کی کارروائی شروع ہوئی جبکہ 7 ستمبر 2023 کو ڈی سی و دیگر افسران پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
جسٹس بابر ستار حکم دیا ہے کہ مختصر سزاؤں کی بنیاد پر 30 روز کے لیے سزا معطل کرتے ہیں، سزائیں اپیل کے دنوں تک معطل رہیں گی، ایک ماہ کی مدت کے دوران اپیل نہ ہونے کی صورت میں سزا پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عدالتی حکم کے باوجود تھری ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو گرفتار کیا تھا جس پر توہین عدالت کی درخواست پر عدالت نے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔