ایک سو نوے ملین پائونڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد
راولپنڈی کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔
عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی، احتساب عدالت کے جج نے کمرۂ عدالت میں ملزمان کی موجودگی میں فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 5 گواہان کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔