اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ق شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرخ خان خواتین کی مخصوص نشست پردوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں،اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔
فرح خان اس سے پہلے 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب سے خواتین کے لیے مخصوص نشست پر مسلم لیگ (ق) کی امیدوار کے طور پر قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئیں تھیں، اگست 2018 سے اگست 2023 تک قومی اسمبلی کی مدت میں انہوں نے ایک متحرک رکن کے طور پر اپنابھرپور کرداراداکیا،وہ ملکی سیاست کے علاوہ سماجی خدمت کے شعبے میں بھی پیش پیش رہتی ہیں۔
فرخ خان نے مخصوص نشست کے لیے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین اور چودھری سالک حسین کا شکریہ اداکیا ۔انہوں نے اس عزم کا اظہارکیاکہ وہ چودھری شجاعت حسین کی رہنما ئی میں ملکی وپارلیمانی سیاست میں اپنابھرپورکرداراداکریں گی۔
ادھر فرخ خان کو دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پرپارٹی رہنمائوں ،کارکنوں ،عزیز و اقارب سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی طرف سے مبارکبادوں کاسلسلہ جاری ہے۔