بیجنگ(نیوزڈیسک)چین کے نائب وزیر اعظم اور چین امریکہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کے چینی رہنما حہ لی فنگ نے بیجنگ میں چین امریکہ فنانشل ورکنگ گروپ کے امریکی وفد سے ملاقات کی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ چین سان فرانسسکو سربراہ اجلاس میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد اور دوطرفہ تعلقات کی صحت مند، مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فریقین کو فنانشل ورکنگ گروپ کے میکانزم کا بہتر استعمال جاری رکھتے ہوئے ثمرات کے حصول اور مالیاتی تعاون کے رجحان کو برقرار رکھنے اور اسے فروغ دینا چاہیے۔ 18تا 19جنوری تک چین۔امریکہ مالیاتی ورکنگ گروپ کا تیسرا اجلاس بیجنگ میں منعقد ہوا۔
چین کے مرکزی بینک کے سربراہ پھان گونگ شینگ نے اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت چین کے مرکزی بینک کے نائب سربراہ شیوان چھانگ ننگ اور امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری برنٹ نیمان نے کی۔ فریقین نےدونوں ممالک کی کرنسی اور مالیاتی استحکام، مالیاتی نگرانی، مالیاتی منڈیوں، سرحد پار ادائیگیوں اور ڈیٹا، پائیدار مالیات، انسداد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی کی مالی اعانت، عالمی مالیاتی انتظامات سمیت دیگر معاملات پر پیشہ ورانہ، عملی، واضح اور تعمیری تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔