چین اور مصر کا اسرائیل فلسطین جنگ بند ی پر اتفاق

قاہرہ(نیوزڈیسک)مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ کے دورے پر موجود کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
وانگ ای نے سب سے پہلے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سربراہان مملکت کی رہنمائی میں چین اور مصر کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد کو مسلسل مضبوط کیا جا رہا ہے اور عملی تعاون کے مثبت ثمرات برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے بین الاقوامی اور علاقائی امور میں بڑے ملک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور دوطرفہ تعلقات تیز رفتارترقی کر تے ہوئے بہترین سطح پر ہیں۔
مصری صدر نے مصر کی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے مضبوط حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مصر اور چین نے بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مصر ،چین کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ مزید قریبی شراکت داری قائم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
فریقین نے برکس اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے تحت مواصلات اور تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ فلسطین اور اسرائیل کی صورت حال کے حوالے سے دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ بندی کو جلد از جلد نافذالعمل کیا جانا چاہئیے تاکہ تنازع کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ اسی دن، وانگ ای نے مصر کے وزیر خارجہ شکری کے ساتھ ملاقات کی اور چین-مصر جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے دوسرے پانچ سالہ لائحہ عمل پر دستخط کیے۔ اس دورے کے دوران دونوں فریقوں نے "فلسطین کے مسئلے پر چین اور مصر کا مشترکہ بیان” بھی جاری کیا۔

Comments (0)
Add Comment